نئی دہلی: محنت اور ارتکاز کامیابی کی کنجی ہیں، نوکریوں میں کمی نہیں آئی لیکن اہلیت کے معیار وقت کے ساتھ بدل گئے ہیں، اس لیے آپ کو وقت اور تقاضے کے مطابق خود کو قابل بنانا ہوگا۔ مندرجہ بالا خیالات کا اظہار فیض احمد قدوائی، ایڈیشنل سکریٹری، وزارت زراعت، حکومت ہند نے کیا، جو ماٹی اور جامعہ پلیسمنٹ سیل کے زیراہتمام منعقدہ پہلے ماٹی کیرئیر میٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی ایس سی میں محنت تو بہت ہے لیکن کارکردگی اور خدمت کا جو تجربہ، پہچان اور عہدے کی عزت یہاں ہے کسی اور کام میں نہیں، اس لیے ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔
ریلوے بورڈ کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر شری وویک کمار یادو اور پیرامل فاؤنڈیشن کے ڈائرکٹر ڈاکٹر منیش مشرا نے پروگرام کے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ مہمانوں کا تعارف ماٹی کے ممبر اور جامعہ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر عبدالقیوم انصاری نے کروایا، جب کہ ماٹی کے کنوینر آصف اعظمی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ جامعہ پلیسمنٹ سیل کی ڈائرکٹر پروفیسر راحیلہ فاروقی نے مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا ، نظامت کے فرائض پرکھر مالویہ کانھا نے ادا کیے۔
مہمان خصوصی کے طور پر پیرامل فاؤنڈیشن کے ڈائرکٹر ڈاکٹر منیش مشرا نے کہا کہ ڈگریوں کے ساتھ ساتھ آج کے طلباء کو ہنر پر مبنی کورسز کرنے چاہئیں تاکہ انہیں عالمی معیار کی نوکریاں مل سکیں۔ انہوں نے خاص طور پر سوشل ورک کے طلباء کی حوصلہ کی اور انہیں اس شعبے میں اپنا کیریئر تلاش کرنے کا مشورہ دیا۔ انٹرپرینیورشپ کی اہمیت بتانے کے ساتھ ساتھ انہوں نے طلباء کو وزیر اعظم انٹرن شپ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب بھی دی۔
ریلوے بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر وویک یادو نے اپنی تقریر میں امتحانات اور مقابلوں کی تیاری کے بارے میں بات کی، انھوں نے خاص طور پر انجینئرنگ خدمات کے لیے تیاری کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر ماہرین نے طلباء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ اس پروگرام میں جامعہ، جے این یو اور دہلی یونیورسٹی کے تقریباً 150 طلباء موجود تھے۔