سعودی عرب میں پیش آئے دردناک سڑک حادثہ میں 45 ہندوستانی عمرہ زائرین کی اموات کی تصدیق ہو ئی ہے۔ بس میں سوار 46 عمرہ زائرین میں سے صرف ایک کی جان بچی ہے، جس کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔اس غمناک حادثہ پر ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مدینہ میں ہندوستانی شہریوں کے ساتھ ہوئے حادثہ سے بے حد غمزدہ ہوں۔ متاثرہ کنبوں کے تئیں میری ہمدردی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں حادثہ میں زخمی افراد کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ ریاض واقع ہمارا سفارت خانہ اور جدہ واقع قونصلیٹ جنرل ہر ممکن مدد مہیا کرا رہے ہیں۔ ہمارے افسران بھی سعودی عرب حکومت کے افسران سے رابطے میں ہیں۔
اس حادثہ پر کانگریس نے بھی اپنے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس نے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’سعودی عرب میں مدینہ کے قریب پیش آنے والے اندوہناک واقعہ پر دلی افسوس ہے، جس میں متعدد ہندوستانی شہریوں کی جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔‘‘ پارٹی مزید لکھتی ہے کہ ’’ہم غمزدہ خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی لکھا ہے کہ ’’ہم حکومتِ ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ تمام ضروری امداد فراہم کی جائے۔ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے ہماری دعائیں شامل ہیں۔







