بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور ’بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی‘ کی سربراہ خالدہ ضیا کا آج علی الصبح انتقال ہو گیا۔ ان کی نمازِ جنازہ 31 دسمبر کو بعد نمازِ ظہر طے پائی ہے۔ مختلف ممالک کی سیاسی ہستیاں خالدہ ضیا کی آخری رسومات میں شرکت کرنے بنگلہ دیش پہنچ رہی ہیں۔ ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے لیے مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر بنگلہ دیش جانے والے ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر بدھ کو بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ پہنچیں گے، جہاں خالدہ ضیا کی آخری رسومات میں ان کی شرکت ہوگی۔ نمازِ جنازہ ظہر کی نماز کے بعد نیشنل پارلیمنٹ کے ساؤتھ پلازہ اور اس سے ملحق مانک میا ایونیو پر ادا کی جائے گی۔ انھیں ان کے شوہر ضیاء الرحمن کی قبر کے پاس دفن کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے مشیر پروفیسر محمد یونس نے کہا ہے کہ حکومت جنازہ اور تدفین کے عمل میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ خالدہ ضیا کے انتقال پر ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے شدید ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے 30 دسمبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں وہ خالدہ ضیا کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پوسٹ میں شامل تصویریں 2015 کی بتائی گئی ہیں۔ پی ایم مودی نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بی این پی چیف بیگم خالدہ ضیا کے انتقال کی خبر سن کر بہت غم ہوا۔ ہم ان کے غمزدہ گھر والوں اور بنگلہ دیش کے سبھی لوگوں کے تئیں اپنی گہری ہمدردی ظاہر کرتے ہیں۔






