سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے بیٹے پرتیک یادو کا بدھ (13 مئی) کی صبح انتقال ہو گیا ہے۔ وہ محض 38 سال کے تھے اور ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ’کے جی ایم یو‘ بھیج دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ان کی موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔ پرتیک یادو کے انتقال پر بڑے بھائی اکھلیش یادو اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے چھوٹے بھائی پرتیک یادو کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’پرتیک یادو جی کا انتقال، انتہائی افسوسناک! بھگوان ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔ عاجزانہ خراج عقیدت۔
اکھلیش یادو اور یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ اتر پردیش بی جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر مملکت پنکج چودھری نے بھی پرتیک یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ، پدم وبھوشن آنجہانی ملائم سنگھ یادو جی کے بیٹے اور اتر پردیش خواتین کمیشن کی نائب صدر اپرنا یادو کے شوہر پرتیک یادو کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ اس مشکل وقت میں میری گہری تعزیت سوگوار خاندان کے ساتھ ہے۔ بھگوان ان کی روح کو سکون دے اور خاندان کو اس دکھ کو برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔







