کولکاتا: مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ریاستی پولیس کے سائبر کرائم تھانے نے پارٹی کے مزید 9 بینک کھاتوں میں لین دین پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سے قبل تین بینک کھاتوں کو بھی منجمد کیا جا چکا تھا، جس کے بعد اب مجموعی طور پر پارٹی کے 12 بینک کھاتوں پر پابندی نافذ ہو چکی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ان تمام کھاتوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد رقم موجود ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ اگرچہ اس حوالے سے کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم پولیس کے ایک سینئر افسر اور ترنمول کانگریس کے ایک اعلیٰ رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس رقم کی تصدیق کی ہے۔
اس سے ایک روز قبل کلکتہ ہائی کورٹ نے پولیس کی جانب سے منجمد کیے گئے ترنمول کانگریس کے تین بینک کھاتوں کو خصوصی افسر کی نگرانی میں چلانے کی عبوری اجازت دی تھی، جسے پارٹی کے لیے وقتی راحت قرار دیا گیا تھا۔ تاہم جمعہ کو مزید نو کھاتوں پر پابندی عائد ہونے کے بعد پارٹی کو ایک نیا دھچکا لگا ہے۔
دوسری جانب، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے منجمد کیے گئے تین بینک کھاتوں کے خلاف ترنمول کانگریس نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت میں اس درخواست پر پیر کے روز سماعت متوقع ہے۔
