مراد آباد: اتر پردیش کے رام پور میں واقع محمد علی جوہر یونیورسٹی کو بڑی قانونی راحت ملی ہے۔ مراد آباد کے ڈویژنل کمشنر آنجنیہ کمار سنگھ نے رام پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی جانب سے یونیورسٹی کی 38 عمارتوں کو منہدم کرنے کے حکم پر اگلی سماعت تک عبوری روک لگا دی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے کمشنر نے فی الحال انہدامی کارروائی معطل کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد یونیورسٹی کی عمارتوں پر بلڈوزر کارروائی روک دی گئی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے آر ڈی اے کے 15 جولائی کے حکم کے خلاف مراد آباد ڈویژنل کمشنر کی عدالت میں قانونی اپیل دائر کی تھی۔ پیر کو ہونے والی سماعت کے دوران کمشنر نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد عبوری حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت تک جمود برقرار رکھا جائے اور کسی قسم کی انہدامی کارروائی نہ کی جائے۔
واضح رہے کہ رام پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے 15 جولائی کو محمد علی جوہر یونیورسٹی کی 40 عمارتوں میں سے 38 کو منظور شدہ نقشوں کے بغیر تعمیر شدہ قرار دیتے ہوئے غیر قانونی بتایا تھا۔ اتھارٹی نے یونیورسٹی انتظامیہ کو 20 دن کے اندر یہ عمارتیں خود منہدم کرنے کی ہدایت دی تھی اور خبردار کیا تھا کہ حکم پر عمل نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ خود کارروائی کرے گی۔
