نئی دہلی: ایران کے صدر مسعود پزشکیان 18ویں برکس سمٹ میں شرکت کے لیے جمعہ کو نئی دہلی پہنچ گئے۔ ہوائی اڈے پر مرکزی وزیر مملکت شانتنو ٹھاکر نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ہندوستان اس سال برکس کی صدارت کر رہا ہے اور 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں 18ویں برکس سمٹ کی میزبانی کرے گا۔
وزارت خارجہ نے بھی ایرانی صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان تہذیبی روابط ہیں، جو مضبوط ثقافتی اور عوامی تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں۔ وزارت کے مطابق، برکس شراکت دار کی حیثیت سے دونوں ممالک مشترکہ ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
نئی دہلی میں ہونے والی برکس سمٹ میں رکن ممالک کے ساتھ ساتھ شراکت دار ممالک اور آؤٹ ریچ کے لیے مدعو رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ برکس کے موجودہ رکن ممالک میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، ہندوستان، انڈونیشیا، ایران، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
پزشکیان کے دورۂ ہندوستان کی تصدیق کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے رواں ہفتے کہا تھا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے قائم تاریخی اور تہذیبی تعلقات ہیں۔ ان کے مطابق، تہران برکس سمٹ کو نئی دہلی کے ساتھ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں مزید بات چیت کے لیے استعمال کرے گا۔







