نئی دہلی: دہلی میں 2020 کے فسادات سے متعلق ایک مقدمے میں کڑکڑڈوما عدالت نے چھ مسلم ملزمان کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پولیس ملزمان کے خلاف پیش کیے گئے شواہد کو قانونی طور پر ثابت کرنے میں ناکام رہی۔ عدالت نے الیکٹرانک شواہد، بالخصوص سی سی ٹی وی فوٹیج، جمع کرنے اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کے طریقۂ کار میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو دوبارہ تربیت دینے کی ضرورت بھی ظاہر کی ہے۔
یہ فیصلہ 5 نومبر کو شمال مشرقی دہلی کے کڑکڑڈوما میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے سنایا۔ معاملہ نیو عثمان پور تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 87/2020 سے متعلق تھا۔ عدالت نے اس مقدمے میں محمد مکرم، ناصر عرف ارباز، محمد نعیم، امان عباس، گلّو عرف ارشد زیدی اور شعیب کو بری کردیا۔ ایک دیگر ملزم عمران کی موت کے بعد اس کے خلاف عدالتی کارروائی پہلے ہی ختم کردی گئی تھی۔اس مقدمے میں محمد مکرم کی جانب سے جمعیۃ علماء ہند کے قانونی شعبے نے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت میں قانونی پیروی کی۔ جمعیۃ کی جانب سے وکیل سلیم ملک نے عدالت میں ملزم کا دفاع کیا۔







