مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے مسلسل مطالعہ کے ساتھ خود اعتمادی بھی ضروری

آر۔ سی۔ ڈی۔ ایڈ۔ کالج، ماہم (ممبئی) میں CTET ورک شاپ میں سید علی انجم رضوی کا اظہار خیال

Sep 21, 2023 - 18:52
مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے مسلسل مطالعہ کے ساتھ خود اعتمادی بھی ضروری

ممبئی ،8؍اگست،: ہمارا سماج: پرائمری اسکولوں میں مدرسین کی تقرری کے لیے لازمی مرکزی معلم اہلیتی امتحان (CTET) 20 اگست 2023 بروز اتوار ہونے جا رہا ہے۔ اس امتحان کا انعقاد پورے ملک میں ایک ہی دن ہونے والا ہے۔ اس امتحان کی سطح دشواری (Difficulty Level) بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اس امتحان کے نتائج بہت ہی کم آتے ہیں۔ اس لیے اس امتحان میں مہارت رکھنے والے سید علی انجم رضوی کے پورے مہاراشٹر میں تربیتی ورکشاپ منعقد ہو رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آر-سی (رحمت اللہ کریم بھائی) اردو جونیئر کالج آف ایجوکیشن، ماہم ممبئی میں گزشتہ سنیچر 5 اگست کو موصوف کا ایک تربیتی ورکشاپ منعقد ہوا۔ اس ورکشاپ میں ماہم کالج کے علاوہ آر-سی اردو جونیئر کالج آف ایجوکیشن، امام باڑہ، ممبئی اور انجمن اسلام معین الدین حارث جونیئر کالج آف ایجوکیشن، ماہم، ممبئی کے سینکڑوں کی تعداد میں طلباء و طالبات موجود تھے۔
اس موقع پر علی انجم رضوی نے امتحان کے نصاب، سوالیہ پرچوں کے خاکے اور امتحان میں آنے والے سوالات کے نہج کو مثالوں کے ساتھ واضح کیا۔ اس کے علاوہ آپ نے بلیک بورڈ کے ذریعے ریاضی کے مشکل ترین مثالوں کو چند سیکنڈ میں حل کرنے کے نہایت ہی آسان اور شارٹ کٹ طریقے بھی بتائے۔ جسے وہاں موجود طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ ریاضی کے اساتذہ نے بھی بہت سراہا۔ علی انجم رضوی نے امتحان دینے والے امیدواروں کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں کئی اصول و ضوابط سے بھی متعارف کرایا اور کہا کہ کسی بھی مقابلہ جاتی امتحان کے لیے مسلسل مطالعے کے ساتھ ساتھ امتحان دینے والے امیدواروں کی خود اعتمادی بھی بہت ضروری ہوتی ہے۔


ماہم آر۔سی ڈی۔ایڈ کاج کی مدرسہ مومن منصفہ نے اس پروگرام کی بہت ہی دلچسپ انداز میں نظامت نے کی۔ اس پروگرام کا انعقاد آر۔سی ڈی۔ایڈ کالج، ماہم اور آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسیشن (آںٔیٹا)، ممبئی ڈویژن نے کیا۔ ماہم کالج کے پرنسپل ڈاکٹر خالد احمد خان نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ آر۔سی ڈی۔ایڈ کالج، امام باڑا کے مدرس وسیم احمد نے پروگرام کی غرض وغایت بیان کی۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں انجمن اسلام ڈی۔ایڈ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر روبینہ شیخ اور امام باڑا کالج کی پرنسپل سائرہ خان نے خصوصی تعاؤن کیا۔