نئی دہلی :قومی راجدھانی دہلی میں43واں ہندوستانی بین الاقوامی تجارتی میلہ آج یعنی 14 نومبر سے پرگتی میدان میں شروع ہو گیا ۔ اس کا انعقاد 27 نومبر تک ہوگا۔ تجارتی میلے میں روزانہ 60 ہزار لوگوں کے آنے کا امکان ہے۔ چھٹیوں کے دوران یہ تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ جانے کے بھی آثار ہیں۔ تجارتی میلے میں 14 سے 18 نومبر تک تجارتی مہمانوں کو داخلہ دیا جائے گا جبکہ عام لوگوں کے لیے 19 سے 27 نومبر تک صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے سات بجے شام تک یہاں آنے کی اجازت ہوگی۔
تجارتی میلے کی وجہ سے 14 نومبر سے 27 نومبر تک متھرا روڈ، بھیروں مارگ، رِنگ روڈ، شیر شاہ روڈ اور پرانا قلعہ روڈ پر ٹریفک جام کا مسئلہ ہے۔ اس لیے ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ٹریفک افسر کے مطابق پرگتی میدان کے آس پاس بہتر ٹریفک نظام کو یقینی کرنے کے لیے متھرا روڈ اور بھیروں مارگ پر کسی بھی گاڑی کو کہیں بھی رکنے یا پارک کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ پولیس نے لوگوں کو آگاہ کیا ہے کہ جو لوگ تجارتی میلہ نہیں جا رہے ہیں، وہ پرگتی میدان کے نزدیک والی سڑکوں پر جانے سے بچیں۔
وہیں تجارتی میلہ میں آنے والے مہمانوں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں بیسمینٹ پارکنگ نمبر-1 (بھیروں مارگ سے داخلہ و نکلنا اور رِنگ روڈ کی طرف سے آنے والی پرگتی سرنگ کے توسط سے) میں کر سکتے ہیں۔ بھیروں مندر پارکنگ، بھیروں روڈ، دہلی چڑیا گھر پارکنگ۔ وہیں پارکنگ نمبر-2 یعنی بھارت منڈپم کے نیچے پارک کر سکتے ہیں۔ داخلہ اور نکلنا پرانا قلعہ سے رِنگ روڈ کی طرف جانے والی پرگتی سرنگ سے ہے اور متھرا روڈ (انڈر پاس نمبر 4 اور گیٹ نمبر 8، آئی ٹی پی او کے پاس سے نکلنا) سے بھی داخل ہو سکتے ہیں۔