پٹنہ: بہار انتخابات میں این ڈی اے کی جیت کے بعد ریاست میں نئی حکومت بن گئی ہے۔ نتیش کمار نے پٹنہ کے گاندھی میدان میں 10ویں بار ریاست گورنر عارف محمد خان سےوزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ سمراٹ چودھری کے ساتھ وجے کمار سنہا کو بھی بہار کی نئی حکومت میں بی جے پی کوٹے سے نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے۔ وجے کمار سنہا نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ وجے کمار چودھری، وجیندر پرساد یادو، شراون کمار، ڈاکٹر دلیپ جیسوال، منگل پانڈے نے ایک ساتھ وزیر کے طور پر حلف لیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز این ڈی اے (قومی جمہوری اتحاد) کے نو منتخب ارکانِ اسمبلی نے ایک مشترکہ اجلاس میں نتیش کمار کو اپنا قائد منتخب کیا۔ اس اجلاس میں بی جے پی، جے ڈی یو، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، ہندستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور آر ایل ایم کے نمائندے موجود تھے۔
این ڈی اے کی نئی حکومت نے حالیہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں جیت کر 243 رکنی اسمبلی میں 202 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی ہے۔ ان میں جے ڈی یو کو 85، بی جے پی کو 89، ایل جے پی (آر) کو 19، ایچ اے ایم (سیکولر) کو 5 اور آر ایل ایم کو 4 نشستیں ملی ہیں۔






