دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ (آئی جی آئی) پر ہفتہ کی صبح اس وقت افراتفری مچ گئی جب انڈیگو کی پرواز6 ای579 نے مکمل ایمرجنسی کا اعلان کردیا۔ وشاکھاپٹنم (وی ٹی زیڈ) سے دہلی (ڈی ای ایل) آرہے بوئنگ 737-800 طیارے کا ایک انجن فیل ہو گیا تھا۔ حالانکہ پائلٹ کی حاضر دماغی اور ایئرپورٹ انتظامیہ کی مستعدی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
اطلاع ملتے ہی طیارے کا انجن فیل ہونے کی وجہ سے رن وے 28 پر مکمل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ طیارے نے صبح 10:39 بجے مکمل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔ اس وقت جہاز میں عملہ سمیت 161 افراد سوار تھے اور ای ٹی اے (لینڈنگ کا وقت) صبح تقریباً 10:52 بجے تھا۔ طیارے میں تقریباً 6.4 گھنٹے کا ایندھن تھا یعنی ایندھن کی کوئی کمی نہیں تھی۔
لینڈنگ کے وقت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فائر انجن اور ایمبولینسیں رن وے پر موجود تھے۔ جیسے ہی مکمل ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا، دہلی ہوائی اڈے کے رن وے کے کنارے کریش فائر ریسکیو گاڑیاں تعینات کر دی گئیں۔ ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں بھی اسٹینڈ بائی پر تھیں۔ طیارے میں کسی بھی طرح کا خطرناک سامان نہیں تھا جو ایک بڑی راحت والی بات تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پرواز میں ٹیکنیکل خرابی کی کال پر تمام ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا۔ انڈیگو کی تکنیکی ٹیم اب طیارے کی گہرائی سے جانچ کرکے خرابی کا اندازہ لگارہی ہے۔
بوئنگ 737-800 ایک جڑواں انجن والا ہوائی جہاز ہے۔ پائلٹ سنگل انجن پر طیارے کو اتار کرلائے۔ اس کی ٹریننگ ہر کمرشل پائلٹ کو دی جاتی ہے لیکن یہ عمل بے حد حساس ہوتا ہے اور اس لئے ایسی صورتحال میں مکمل ایمرجنسی پروٹوکول فعال کیا جاتا ہے۔ سبھی مسافر اور کرو ممبرمحفوظ بتائے جارہے ہیں۔







