نئی دہلی، سماجی کارکن اور تعلیمی اصلاحات کی مہم چلانے والے سونم وانگچک منگل کو وردھمان مہاویر میڈیکل کالج اور صفدر جنگ اسپتال میں ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں رہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے بنیادی صحت کے پیرامیٹرز (معیار) مستحکم ہیں، لیکن خبردار کیا کہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے باعث کئی طبی علامات پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ہاسپٹل کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ہیلتھ بلیٹن کے مطابق، وانگچک کا بلڈ شوگر لیول نارمل سے نیچے بنا ہوا ہے۔
سماجی کارکن سونم وانگچک کی حمایت میں ممبئی کے مختلف علاقوں میں کیے گئے احتجاج کے بعد ممبئی پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے آٹھ الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں اور 900 سے زائد افراد کو نامزد کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مظاہرین پر قانون و نظم کی خلاف ورزی، غیر قانونی اجتماع اور بغیر اجازت احتجاج کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں امن عامہ میں خلل ڈالنے اور غیر مجاز احتجاج کے سلسلے میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
سب سے زیادہ مقدمہ شیواجی پارک پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا، جہاں ایف آئی آر میں 600 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ماہم پولیس اسٹیشن میں 100سے زائد افراد، دادر میں 70سے زیادہ، سائن میں 40سے زائد، وڈالا ٹی ٹی میں 25سے زیادہ، ورلی میں 21، کالا چوکھی میں 20سے زائد اور بھوئی واڑا پولیس اسٹیشن میں بھی 20سے زیادہ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
