آندھرا پردیش حکومت نے ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں کو سیاست سے مکمل طور پر پاک رکھنے کے لیے اہم حکم جاری کیا ہے۔ اسکول ایجوکیشن ڈائریکٹر وجئے رام راجو نے یکم اگست کو ایک سرکاری اعلامیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسکول کے احاطے میں کسی بھی سیاسی جماعت یا تنظیم سے متعلق جھنڈے، شالیں، بینرز، پوسٹرز یا کسی بھی قسم کی سیاسی علامت کی نمائش مکمل طور پر ممنوع ہے۔
حکم نامے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی غیر متعلقہ یا انجان شخص کو بغیر اجازت اسکول کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صرف طلبا کے والدین یا اسکول مینجمنٹ کمیٹی (SMC) کے ارکان کو ہی اسکول میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ریاست بھر کے علاقائی جوائنٹ ڈائریکٹرز اور ضلع ایجوکیشن افسران کو ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اگر کوئی فرد اسکول میں بچوں کو کسی قسم کی مدد یا سامان فراہم کرنا چاہے، تو اسے براہِ راست اسکول کے پرنسپل سے رجوع کرنا ہوگا۔ ایسے افراد کو طلبا سے بات کرنے، کلاسز میں داخل ہونے یا ان کے ساتھ تصویریں کھنچوانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وجئے رام راجو کے مطابق، حالیہ دنوں میں یہ شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بعض افراد اور گروپ بغیر اجازت اسکول میں داخل ہو کر مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہو رہے ہیں، جو کہ تعلیمی ماحول میں خلل ڈالنے کا سبب بن رہے ہیں۔ اس لیے اب یہ لازم کر دیا گیا ہے کہ اسکولوں میں تحفے یا عطیات بھی صرف اجازت کے بعد ہی دیے جا سکیں گے۔
حکم میں یہ بھی درج ہے کہ اگر کسی ملازم یا طالب علم کو کسی قسم کی شکایت ہو، تو وہ براہ راست کسی تنظیم یا فرد سے رجوع کرنے کے بجائے، اسکول کے ایڈمنسٹریٹو دفتر سے رابطہ کرے۔ یہ اقدام تعلیمی ماحول کو غیر جانب دار اور محفوظ رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ بچوں کی تعلیم کسی قسم کے سیاسی یا غیر متعلقہ دباؤ سے متاثر نہ ہو۔
read more…..qaumiawaz.com







