اتراکھنڈ کے اُترکاشی ضلع میں بادل پھٹنے کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جس نے پورے علاقے میں تباہی مچا دی ہے۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ تقریباً 60 افراد کے لاپتہ ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 12 افراد ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ واقعے کی ایک خوفناک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح چند لمحوں میں پورا علاقہ تباہی کی لپیٹ میں آ گیا، اور لوگ چیختے چلاتے نظر آ رہے ہیں۔
بادل پھٹنے کے سبب کھیرگاڑ اور دھرالی قصبے میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھی، جس کے باعث کئی گھروں، ہوٹلوں اور دکانوں میں پانی اور ملبہ داخل ہو گیا۔ دھرالی مارکیٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ سیلابی پانی کے ساتھ آنے والا ملبہ رہائشی علاقوں میں تباہی کا سبب بن رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کارروائیاں تیزی سے شروع کر دی گئیں۔ ایس ڈی آر ایف، پولیس اور فوج کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں۔
اترکاشی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں سے دور رہیں اور اپنے بچوں و مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کریں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
read more….qaumiawaz.com







