نئی دہلی:آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 19 کلوگرام وزنی کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 33.50 روپے کی کمی کر دی ہے، جس کا اطلاق یکم اگست 2025 سے پورے ملک میں ہو چکا ہے۔ تیل کمپنیوں کی ویب سائٹس کے مطابق، دہلی میں اب کمرشل سلنڈر کی قیمت 1665 روپے سے کم ہو کر 1631.50 روپے ہو گئی ہے۔ کولکاتا میں یہ قیمت 1769 سے گھٹ کر 1734.50 روپے، ممبئی میں 1616.50 سے کم ہو کر 1582.50 روپے اور چنئی میں 1823.50 سے کم ہو کر 1789 روپے ہو چکی ہے۔
کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں یہ کمی ہوٹل، ریسٹورنٹ، کیٹرنگ اور فوڈ انڈسٹری سے وابستہ کاروباری حلقوں کے لیے بڑی راحت سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ ان شعبوں میں کھانا پکانے کے لیے زیادہ تر کمرشل سلنڈر ہی استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس کمی کا فائدہ بالواسطہ طور پر صارفین تک بھی پہنچ سکتا ہے، کیونکہ کاروباری لاگت میں کمی ممکن ہے۔
دوسری جانب، گھریلو استعمال کے لیے 14.3 کلو والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یہ قیمتیں 8 اپریل 2025 کے بعد سے مستحکم ہیں۔ فی الوقت گھریلو سلنڈر کی قیمت دہلی میں 853 روپے، ممبئی میں 852.50، لکھنؤ میں 890.50، پٹنہ میں 942.50، حیدرآباد میں 905 اور غازی آباد میں 850.50 روپے ہے۔
ماہرین کے مطابق بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، روپے کی قدر، اور حکومتی پالیسیوں جیسے عوامل ایل پی جی کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ فی الحال صرف کمرشل سلنڈر صارفین کو فائدہ ملا ہے، جبکہ گھریلو صارفین کو قیمتوں میں ممکنہ کمی کا انتظار ہے۔
Read more……qaumiawaaz.com







