نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ دہلی کابینہ نے ’دہلی جن وشواس (ضوابط میں ترمیم) بل 2026‘ کو منظوری دے دی ہے۔ اس بل کا بنیادی مقصد چھوٹے، تکنیکی اور طریقۂ کار سے متعلق جرائم کو فوجداری دائرے سے باہر نکالنا اور کاروبار کرنے میں آسانی کے ساتھ ساتھ زندگی گزارنے میں سہولت کو فروغ دینا ہے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے اس فیصلے کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکز حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے جن وشواس قانون سے تحریک لے کر اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت شہریوں اور تاجروں کو غیر ضروری قانونی الجھنوں سے نجات دلانے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کے مطابق، نئے بل کے تحت دہلی میں معمولی، تکنیکی اور طریقۂ کار کی خلاف ورزیوں پر اب فوجداری مقدمات درج نہیں کیے جائیں گے۔ ان کی جگہ شہری جرمانے، انتظامی سزائیں اور اپیل کا واضح نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس سے نہ صرف عوام کو بلا وجہ کی پریشانی سے راحت ملے گی بلکہ عدالتوں پر بڑھتا ہوا بوجھ بھی کم ہوگا۔







