نئی دہلی: ملک میں آج سے رمضان المبارک کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے اور پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد یہ اعلان کیا گیا۔ اگرچہ دہلی اور این سی آر میں بادلوں کی وجہ سے چاند کا دیدار نہیں ہو سکا، تاہم بہار کے پٹنہ اور اورنگ آباد سمیت جھارکھنڈ کے کئی حصوں میں چاند دیکھے جانے کی اطلاع ملی، جس کے بعد جمعرات کو پہلا روزہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے شاہی امام سید شعبان بخاری نے چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد اعلان کیا تھا کہ ملک میں آج سے رمضان المبارک کا آغاز ہو رہا ہے۔ چاندنی چوک کی فتح پوری مسجد کے شاہی امام مولانا مفتی مکرم احمد نے چاند نظر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے رمضان کے آغاز کا اعلان کیا۔ اعلان کے بعد مساجد میں خصوصی انتظامات کیے گئے اور عبادت گزاروں کی بڑی تعداد نے نماز عشاء اور تراویح میں شرکت کی۔
رمضان کے آغاز کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز ملک کے باشندگان کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ معاشرے میں اتحاد کے جذبے کو مزید مضبوط کرے اور ہر طرف امن اور خوشحالی قائم ہو۔ ان کی یہ مبارکباد رمضان کے پہلے روزے سے ایک دن قبل سامنے آئی۔لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی رمضان کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ بابرکت مہینہ سب کے لیے امن، خوشحالی اور اچھی صحت کا سبب بنے۔
