نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں مانسون کی بارش شدت اختیار کر چکی ہے، اور قومی راجدھانی دہلی و این سی آر کے کئی علاقوں میں جھماجھم بارش نے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ دہلی، غازی آباد، فرید آباد اور گریٹر نوئیڈا میں منگل کو بھی تیز بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے دہلی کے مشرقی علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ اور دیگر علاقوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 3 اگست تک شدید بارش، بجلی چمکنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
آئی ٹی او، پٹیل نگر، وجے چوک، لاجپت نگر، جنگ پورہ، آر کے پورم، روہنی اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی علاقوں میں آبی جماؤ سے آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہوئیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ خراب موسم کا اثر ہوائی سفر پر بھی پڑا، اور انڈیگو، اسپائس جیٹ و ایئر انڈیا نے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔
read more on qaumiawaz.com







