مکہ مکرمہ : حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ غازی الشہرانی نے کہا ہے کہ 27 ویں شب مسجد الحرام میں 34 لاکھ افراد نے نماز ادا کی ہے جبکہ 26 ویں رمضان میں 8 لاکھ افراد نے عمرہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسجد الحرام کے زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ منظم کرنے کا منصوبہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔دوسری طرف مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں لاکھوں افراد نے رمضان کی 27 ویں شب کو عشا اور تراویح ادا کی ہے۔ سرکاری خبررساں ادارہ ایس پی اے کے مطابق سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور زائرین افطار سے بہت پہلے حرمین پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔مسجد الحرام میں تیسری توسیع ، تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔حرمین شریفین کی انتظامیہ نے 27 ویں شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ زائرین کو عبادت اور نماز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
الاخباریہ چینل نے27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام میں تراویح کے براہ راست مناظر نشر کیے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد الحرام کے اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ 27 ویں شب ماہ مبارک کے آخری عشرے کی بڑی راتوں میں شمار ہوتی ہے۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے عمرہ زائرین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ 25 ، 27 اور 29 ویں شب حرمین شریفین میں نوافل ادا کرتے ہوئے گزاریں۔ مسجد الحرام میں 27 ویں شب کی تراویح شیخ ڈاکٹر بدر بن محمد الترکی اور دوسرے شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد المعیقلی نے پڑھائی جبکہ مسجد نبوی میں شیخ ڈاکٹر محمد بن احمد برھجی اور شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالمحسن القرافی نے تراویح پڑھائی۔انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں زائرین کی آمد ورفت کو منظم رکھنے کے لیے رضاکاروں سمیت مختلف سکیورٹی سروسز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی جو مسجد الحرام جانے اور باہرنکلنے والے زائرین کی سہولت کیلئے راستوں کو خالی رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔