ہندوستان میں خون کی کمی (انیمیا) اور غذائی اجزا کی قلت سے متعلق ایک نئی سرکاری رپورٹ نے صحت عامہ کی صورت حال پر کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن (این آئی این) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گجرات میں نوعمر لڑکیوں اور خواتین کی بڑی تعداد خون کی کمی کا شکار ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے اس رپورٹ کے اعداد و شمار کی بنیاد پر گجرات کی صحت سے متعلق صورت حال پر سوال اٹھاتے ہوئے ریاست کے ترقیاتی ماڈل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کا عنوان ’ہندوستان میں زندگی کے مختلف مراحل میں انیمیا اور خوردنی غذائی اجزا کی کمی‘ ہے۔ یہ رپورٹ 2023 سے 2025 کے درمیان کیے گئے سروے پر مبنی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گجرات میں 10 سے 19 سال کی عمر کی 61.4 فیصد لڑکیاں خون کی کمی میں مبتلا پائی گئیں، جبکہ 20 سے 59 سال کی بالغ خواتین میں یہ شرح 63.8 فیصد رہی۔ اسی طرح 15 سے 49 سال کی تولیدی عمر کی خواتین میں انیمیا کی شرح 66.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
