راجدھانی دہلی میں ہوا کا معیار اتوار کے روز بھی ’خراب‘ زمرے میں برقرار رہا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا اوسط فضائی معیار اشاریہ (اے کیو آئی) 236 درج کیا گیا۔ راجدھانی کے کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح مسلسل بڑھی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سی پی سی بی اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی او کے قریب اے کیو آئی 292 درج کیا گیا، جبکہ آنند وہار میں اے کیو آئی 251 رہا۔ یہ دونوں علاقے ’خراب‘ زمرے میں آتے ہیں۔ دہلی کے دیگر علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی سطح معمول سے زیادہ ہے۔
وہیں اتوار کے روز دہلی میں کم از کم درجۂ حرارت تقریباً 14 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو راجدھانی میں بتدریج سردی کے آغاز کا اشارہ دے رہا ہے۔ درجۂ حرارت میں کمی اور موسم میں تبدیلی کی وجہ سے فضا میں آلودہ ذرات جمع ہونے لگتے ہیں، جس سے ہوا کا معیار مزید خراب ہو جاتا ہے۔ ایک دن قبل ہفتے کے روز دہلی میں ہوا کا معیار زیادہ خراب تھا۔ صبح 8 بج کر 20 منٹ پر راجدھانی کا اے کیو آئی 327 درج کیا گیا، جو انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ شہر کے کئی نگرانی مراکز پر ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں درج کیا گیا۔





