قومی راجدھانی میں کئی ماہ سے آلودگی اور نظم ونسق پر اُٹھ رہے سوالوں اورمہنگائی سے عوامی ناراضگی کے درمیان دہلی حکومت نے نئے سال کے آغاز پرغریب اور ضرورت مند خاندانوں کو خوش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنیچر کے روز وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی زیر صدارت منعقد دہلی کابینہ کی میٹنگ نے ’انتودیا ان یوجنا‘ کے تحت مفت شکر (چینی) کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔
یہ فیصلہ دہلی میں جنوری 2026 سے مارچ 2027 تک نافذ رہے گا اوراس سے تمام اے اے وائی کارڈ ہولڈرز کو فائدہ پہنچے گا۔ حکومت کے اس فیصلے کو دہلی والوں، خاص طور پر معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے نئے سال کا بڑا تحفہ مانا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں خاندانوں کو براہ راست راحت ملے گی۔
کابینہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ’انتیودیا ان یوجنا‘ کے تحت تمام اہل خاندانوں کو 15 ماہ تک مفت شکر فراہم کی جائے گی۔ یہ مدت جنوری 2026 سے مارچ 2027 تک مقرر کی گئی ہے۔ حکومت کا خیال ہے کہ مہنگائی کے دور میں خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا براہ راست اثرغریب خاندانوں کے کچن پر پڑتا ہے۔ ایسے میں مفت شکر کی تقسیم کا یہ فیصلہ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔






