ممبئی کے چرچ گیٹ واقع وانکھیڑے اسٹیڈیم میں موجود دنیا کے سب سے امیر کرکٹ بورڈ، بی سی سی آئی کے دفتر سے لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی جرسیاں چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ چوری کا یہ واقعہ اُس وقت سامنے آیا جب بورڈ نے رواں ماہ کے آغاز میں اندرونی آڈٹ کیا۔ آڈٹ کے دوران جرسیوں کے اسٹاک میں کمی پائی گئی، جس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی گئی۔
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بی سی سی آئی کی سیکورٹی ٹیم کا رکن، فاروق اسلم خان، جو دفتر کی حفاظت پر مامور تھا، نے 13 جون کو اسٹور روم سے ایک بڑا کارڈ بورڈ بکس باہر نکالا۔ پولیس کے مطابق، اس بکس میں آئی پی ایل 2025 کی 261 جرسیاں موجود تھیں جن کی مجموعی مالیت 6.52 لاکھ روپے ہے، جبکہ ہر جرسی کی قیمت تقریباً ڈھائی ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
ملزم کے خلاف 17 جولائی کو مرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ سیکیورٹی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، خاص طور پر ایسے ادارے کے لیے جو خود کرکٹ کی دنیا میں سب سے بڑا اور مالدار بورڈ مانا جاتا ہے۔.
read more on qaumiawaz.com







