بہار کے سابق آئی پی ایس افسر اور سماجی کارکن کشور کنال کا انتقال ہو گیا۔ آج صبح میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد انہیں مہاویر کینسر اسپتال لے جایا گیا جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کی عمر 74 سال تھی۔ کشور کنال سبکدوش آئی پی ایس افسر تھے اور بہار راجیہ دھارمک نیاس بورڈ کے چیئرمین کے عہدے پر بھی رہے۔ وہ پٹنہ کے مہاویر مندر نیاس کے سکریٹری اور گیان نکیتن نامی اسکول کے بانی بھی تھے۔ مہاویر مندر ٹرسٹ کے سکریٹری کے طور پر انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے مندر کی تعمیر کی ذمہ داری اٹھائی تھی۔ مہاویر ہیلتھ انسٹی چیوٹ، مہاویر کینسر سنستھان، مہاویر نیترالیہ کی بنیاد بھی انہوں نے ہی ڈالی تھی۔ غریبوں کے لیے یہ اسپتال زندگی بخش ثابت ہوئے۔
آچاریہ کشور کنال نے پٹنہ میں مہاویر مندر، مہاویر کینسر اسپتال اور مہاویر واتسلیہ اسپتال قائم کروایا تھا۔ وہ انڈین پرولیس سروس کے مشہور افسر رہے ہیں۔ 1972 میں کشور کنال گجرات کیڈر میں آئی پی ایس افسر بنے تھے۔ ان کی پہلی پوسٹنگ آنند میں ایس پی کے طور پر ہوئی تھی۔ 1978 تک وہ احمد آباد کے پولیس کمشنر بن گئے۔ 1983 میں بہار آنے پر کشور کنال کو پٹنہ کا ایس ایس پی بنایا گیا تھا۔ 2001 میں کشور کنال نے رضاکارانہ طور پر انڈین پولیس سروس سے استعفیٰ دے دیا۔ سبکدوشی کے بعد انہوں نے بہار راجیہ دھارمک نیاس بورڈ کے چیئرمین کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔
آچاریہ کشور کنال کی پیدائش 10 اگست 1950 کو بہار میں مظفرپور کے بروراج گاؤں میں ہوئی تھی۔ انہوں نے پٹنہ یونیورسٹی سے تاریخ اور سنسکرت میں 1970 میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی اور 1983 میں ماسٹر کی ڈگری لی۔ کشور کنال نے دربھنگہ کی سنسکرت یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر بھی کام کیا۔ اس کے بعد انہوں نے بہار میں تعلیم اور صحت انتظام بہتر کرنے کے لیے اپنا اہم تعاون دیا۔ ان کے انتقال پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سمیت کئی سیاسی و سماجی رہنماؤں نے گہرے غم کا اظہار کیا ہے اور اسے سماج کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔