کانگریس نے اڈانی گروپ کے مزید ایک معاملے پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے مہاراشٹر میں اڈانی گروپ کے 1500 میگاواٹ کے پاور پروجیکٹ کی لاگت میں اچانک 99 فیصد کمی کیے جانے کے انکشاف پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ اڈانی گروپ کو مسلسل ایسے معاملات میں فائدہ پہنچ رہا ہے اور اس کے کاروباری پھیلاؤ اور سرکاری اثاثوں پر قبضے کی مکمل جانچ کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) تشکیل دینے کا کانگریس کا مطالبہ اب پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
انگریزی روزنامہ ’دی انڈین ایکسپریس‘ کی 13 نومبر 2026 کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ کی کمپنی اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ نے مہاراشٹر کے ضلع ستارا میں مجوزہ 1500 میگاواٹ کے تارلی پمپڈ اسٹوریج پاور پروجیکٹ کی لاگت 5675 کروڑ روپے سے گھٹا کر محض 56.75 کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پروجیکٹ کی لاگت میں تقریباً 100 گنا کمی کے ساتھ ہی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے جمع کرائی جانے والی رقم بھی 227 کروڑ روپے سے گھٹ کر تقریباً 2.27 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔
اس بارے میں جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران موڈانی گروپ کی غیر معمولی توسیع مبینہ گھوٹالوں کی ایک ایسی داستان رہی ہے جس کے کئی پہلو پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس مارچ 2023 سے ہی اس گروپ کی ترقی، یکے بعد دیگرے کمپنی اور صنعت پر اس کے قبضے اور سرکاری اثاثوں کے حصول کی مکمل جانچ کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) تشکیل دینے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب ایک مشہور انگریزی روزنامہ میں مزید ایک حیرت انگیز انکشاف سامنے آیا ہے، جس نے اس سے پہلے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے متعلق معاملات کو بھی بے نقاب کیا تھا۔ یہ انکشاف انتہائی حیران کرنے والا ہے۔‘‘ وہ آگے بتاتے ہیں کہ ’’مہاراشٹر میں 1500 میگاواٹ کے پمپڈ اسٹوریج پاور پروجیکٹ کی لاگت، جسے گزشتہ سال 5675 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی تھی، اب ایک حلف نامے میں محض 56.75 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ یعنی لاگت میں پورے 99 فیصد کی کمی ظاہر کی گئی ہے۔
