دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی اس شکایت کا نوٹس لینے سے انکار کر دیا ہے، جس میں منی لانڈرنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ دہلے کے راؤز ایونیو کورٹ کے خصوصی جج وشال گوگنے نے نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں ای ڈی کی اس شکایت کا نوٹس لینے سے انکار کر دیا جو اس نے پری وینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) 2002 کی دفعہ 44 اور 45 کے تحت درج کی تھی۔
عدالت نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ (ای سی آئی آر) درج نہیں کر سکتی اور نہ ہی بغیر ایف آئی آر کے منی لانڈرنگ معاملے کی تحقیقات شروع کی جا سکتی ہے۔ انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ ای ڈی کا ایک اندرونی دستاویز ہوتا ہے، جو پولیس ایف آئی آر جیسا ہوتا ہے، جسے ہندوستان کے پی ایم ایل اے ایکٹ کے تحت منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کے لیے رجسٹر کیا جاتا ہے۔
غور طلب ہے کہ ای ڈی نے کانگریس لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور دیگر کے خلاف بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی ذاتی شکایت کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی تھی۔ واضح رہے کہ موجودہ مودی حکومت نے 2019 میں پی ایم ایل اے ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے ایجنسیوں کو ذاتی شکایات کی بنیاد پر تحقیقات کرنے کا اختیار دے دیا تھا۔ لیکن عدالت نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ کا معاملہ پہلے سے ہی درج ہے اور اس میں کوئی ایف آئی آر بھی نہیں ہے، ساتھ ہی کسی بھی مجاز ایجنسی کی طرف سے کوئی شکایت بھی درج نہیں ہوئی ہے۔ اس کمی کو دور کرنے کے لیے اور پہلے کے معاملہ کو مضبوط کرنے کے لیے ای ڈی نے 2025 میں مبینہ دھوکہ دہی کے لیے ایک نئی ایف آئی آر درج کی، جسے کمزور مانا جا رہا تھا۔
ای ڈی کی تاریخ میں نیشنل ہیرالڈ کیس پہلا ایسا معاملہ بتایا جا رہا ہے، جس میں ایجنسی نے بغیر کسی ایف آئی آر کے صرف ایک نجی شکایت پر منی لانڈرنگ کی جانچ شروع کی۔ ای ڈی نے دراصل 14 جنوری 2015 کے اپنے ہی ’ٹیکنیکل سرکولر نمبر 01/2015‘ کو نظر انداز کیا، جس میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ ’’ای سی آئی آر درج کرنے کے لیے، سی آر پی سی کی دفعہ 154 کے تحت ایف آئی آر اور سی آر پی سی کی ہی دفعہ 157 کے تحت اسے مجسٹریٹ کو بھیجنا ضروری ہے۔‘‘ اس وقت کے ای ڈی ڈائریکٹر نے مبینہ طور پر غلط کام کا کوئی ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے مقدمہ چلانے کی منظوری دینے سے انکار کر دیا تھا۔ لیکن حکومت نے ان کا تبادلہ کر دیا اور اگلے ڈائریکٹر نے مقدمہ چلانے کی منظوری دے کر حکومت کی بات مان لی۔







