کیف، 4 اگست 2025 — یوکرین میں جاپورجیا نیوکلیئر پاور پلانٹ (زیڈ این پی پی) کے قریب زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور قریبی مقام سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ہفتہ کے روز اس واقعے کی اطلاع دی ہے۔ ایجنسی کے مطابق، نیوکلیئر پلانٹ سے منسلک ایک معاون سہولت مرکز (آگزیلری فیسیلٹی) کو نشانہ بنایا گیا ہے جو کہ مرکزی تنصیب سے تقریباً 1200 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
آئی اے ای اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دوپہر تک ان کی ٹیم کو متاثرہ علاقے سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا تھا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب جاپورجیا پلانٹ کی سیکیورٹی پر عالمی سطح پر پہلے ہی تشویش پائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ یورپ کا سب سے بڑا جوہری توانائی مرکز ہے اور روس-یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے مسلسل خطرات کی زد میں ہے۔
دوسری جانب، یوکرین نے روس کی سرزمین کے اندر کئی اہم تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، ریازان میں واقع تیل صاف کرنے والے کارخانے، وورونش کے تیل ذخیرہ مرکز، ایک فوجی ہوائی اڈے اور ایک برقی آلات تیار کرنے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی ذرائع نے بتایا کہ ریازان کی تنصیب پر حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کا مقصد روس کی توانائی ترسیل کو متاثر کرنا ہے۔
یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں طرف سے حملے اور جوابی حملے جاری ہیں۔
read more…..qaumiawaz.com







