ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت کے بعد ان کے ’ایکس‘ ہینڈل سے پہلی پوسٹ جاری کی گئی ہے۔ اس پوسٹ میں اسرائیل کو متنبہ کرتے ہوئے ’اے آئی‘ (مصنوعی ذہانت) سے تیار ایک تصویر شیئر کی گئی ہے، جس میں میزائل بنانے سے لے کر ہدف پر حملہ کرنے تک کا عمل دکھایا گیا ہے۔ یہ تصویر معنی خیز ہے، جو اسرائیل سے سخت بدلہ لینے کی طرف واضح اشارہ کر رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 86 سالہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت 28 فروری کو امریکہ و اسرائیل کے ذریعہ کی گئی فوجی کارروائی میں ہوئی تھی۔ ان کے انتقال سے متعلق تصدیق یکم مارچ کو کی گئی تھی، اور تب سے جنگ کے حالات بد سے بدتر ہی ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ علی خامنہ ای کے ’ایکس‘ ہینڈل سے کی گئی تازہ پوسٹ کے بعد حالات مزید بگڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس پوسٹ میں اے آئی سے تیار تصویر میں میزائل بنانے سے لے کر اس کے استعمال تک کے الگ الگ مراحل کو دکھایا گیا ہے۔ تصویر میں سائنسدانوں کو میزائل تیار کرتے ہوئے بھی پیش کیا گیا ہے۔ تصویر میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ فوجی اہلکار میزائل لانچ کر رہے ہیں، اور آخر میں یہ میزائل ہدف کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اس سوشل میڈیا پوسٹ میں اسرائیل کو براہ راست طور پر متنبہ کرنے والا جملہ بھی لکھا گیا ہے۔ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’یہودی حکومت نے بڑی غلطی کر دی ہے، اور اس کے نتائج اسے مایوس کر دیں گے۔‘‘ اس میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’اللہ کے کرم سے اس (حملہ) کے نتائج سامنے آئیں گے۔‘‘ یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب علاقہ میں کشیدگی پہلے سے ہی بڑھی ہوئی ہے۔ اس پوسٹ کو ایران کی طرف سے اسرائیل کے لیے ایک واضح پیغام کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔






