پٹنہ: بہار بورڈ کے12ویں کے امتحانات میں لڑکیوں نے لڑکوں کو پیچھے چھوڈ دیا ہے-سائنس میں پریا جیسوال نے 484 نمبر (96.8 فیصد) کے ساتھ ٹاپ کیا۔ کامرس میں روشنی کماری نے 475 نمبر (95 فیصد) حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس میں انکیتا کماری اور شاکب شاہ نے 473 نمبر (94.6 فیصد) کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹاپ کیا۔
بہار بورڈ نے منگل کو 12ویں جماعت کے امتحانات کا نتیجہ جاری کر دیا۔ بورڈ کے چیئرمین آنند کشور اور بہار کے وزیر تعلیم سنیل کمار نے پریس کانفرنس میں نتائج کا اعلان کیا۔ اس سال آرٹس، سائنس اور کامرس کے رزلٹ ایک ساتھ جاری کیے گئے۔اس بار کل 12,92,313 طلبا نے امتحان میں شرکت کی تھی۔ مجموعی طور پر 86.56 فیصد طلبا کامیاب ہوئے۔ آرٹس اسٹریم میں کامیابی کا تناسب 82.7 فیصد، کامرس میں 94.77 فیصد اور سائنس میں 89.66 فیصد رہا۔
اس سال بورڈ کے 12ویں کے امتحانات 1 سے 15 فروری تک منعقد ہوئے تھے۔ طلبا اپنے نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹس پر دیکھ سکتے ہیں: interresult2025.com، interbiharboard.com۔ نتیجہ دیکھنے کے لیے طلبا کو اپنا رول نمبر اور تاریخ پیدائش درج کرنی ہوگی۔ اگر ویب سائٹ سست ہو تو اسے ریفریش کریں۔بورڈ نے طلبا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رزلٹ دیکھنے کے لیے صرف آفیشل ویب سائٹس کا ہی استعمال کریں اور کسی بھی جعلی ویب سائٹ سے بچیں۔