نئی دہلی: کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی کارگزاریوں کا حساب مانگنے کے مقصد سے اردو کے مشہور و معروف شاعر منظر بھوپالی کی نظم کا استعمال کیا۔ کانگریس نے ایک ویڈیو تیار کی ہے جس کے پس منظر میں منظر بھوپالی کی مشہور نظم ’مجھ کو اپنے بینک کی کتاب دیجیے‘ سنائی دے رہی ہے اور ساتھ ہی کچھ تصویروں اور ویڈیوز کا وہ کولاج پیش کیا جا رہا ہے جو مودی حکومت کی کارگزاریوں پر سوالیہ نشان لگا رہا ہے۔
کانگریس نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے۔ ویڈیو میں بیک گراؤنڈ میں منظر بھوپالی کی آواز میں ہی ان کی مذکورہ بالا نظم کے کچھ اشعار پیش کیے گئے ہیں۔ ویڈیو میں شامل اشعار اس طرح ہیں:
مجھ کو اپنے بینک کی کتاب دیجیے
دیش کی تباہی کا حساب دیجیے
گاؤں گاؤں زخمی فضائیں ہو گئیں
زہریلی گھر کی ہوائیں ہو گئیں
مہنگی شراب سے دوائیں ہو گئیں
جائیے عوام کو جواب دیجیے
دیش کی تباہی کا حساب دیجیے







