ہالی وڈ کے مشہور اداکار ویل کِلمر 65 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ان کی بیٹی مرسڈیز کلمر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ وہ کچھ عرصے سے نمونیا میں مبتلا تھے اور لاس اینجلس میں انہوں نے آخری سانس لی۔
ویَل کِلمر 90 کی دہائی میں ہالی وڈ کے نمایاں اداکاروں میں شمار کیے جاتے تھے۔ انہیں 2014 میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم علاج کے بعد وہ اس بیماری سے صحت یاب ہو گئے تھے۔ لیکن حالیہ دنوں میں ان کی طبیعت خراب رہی، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔
1959 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پیدا ہونے والے ویل کِلمر نے نیویارک کے معروف اداکاری اسکول جُولیارڈ سے تعلیم حاصل کی۔ اپنے طویل بالوں، پرکشش شخصیت اور بہترین اداکاری کی بدولت وہ نوجوانوں میں خاصے مقبول تھے۔
ویل کِلمر نے 1984 میں فلم ’ٹاپ سیکریٹ!‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ 1986 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’ٹاپ گن‘ میں انہوں نے ٹام کروز کے ساتھ کام کیا، جس سے انہیں عالمی سطح پر شہرت ملی۔ 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بیٹ مین فار ایور‘ میں انہوں نے بیٹ مین کا کردار نبھایا، جسے مداحوں نے بے حد سراہا۔
ان کے فلمی کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو وہ مختلف کامیاب فلموں کا حصہ رہے، جن میں ’ریئل جینیئس‘، ’وِلو‘، ’دی گھوسٹ اینڈ دی ڈارکنیس‘، ’دی سینٹ‘، ’دی پرنس آف ایجپٹ‘ اور ’الیگزینڈر‘ شامل ہیں۔
ویل کلمر کی آخری فلم 2022 میں ریلیز ہونے والی ’ٹاپ گن: میورک‘ تھی، جس میں وہ ایک بار پھر ٹام کروز کے ساتھ نظر آئے۔ ان کی موت پر فلم انڈسٹری کے کئی ستاروں نے افسوس کا اظہار کیا اور انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔