ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اہم سنگِ میل اس وقت قائم ہوا جب ایپل نے اپنا نیا اسمارٹ فون آئی فون 17 لانچ کیا۔ ہندوستان میں اس فون کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ لانچ سے کئی گھنٹے پہلے ہی دہلی اور ممبئی کے بڑے اسٹورز کے باہر خریداروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ رات کے بارہ بجتے ہی یہ منظر ایک جشن کی صورت اختیار کر گیا۔
دہلی کے ساکیت علاقے میں واقع سلیکٹ سٹی واک مال کے باہر درجنوں خریدار بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہی لائن میں کھڑے ہو گئے تھے۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ فون صرف ایک ڈیوائس نہیں بلکہ اسٹیٹس سمبل ہے، اور اسی وجہ سے وہ لانچ ہوتے ہی سب سے پہلے اسے خریدنا چاہتے تھے۔ کئی نوجوان اپنے ہاتھوں میں ایپل کے پرانے ماڈلز لیے، نئے فون کے انتظار میں پرجوش نظر آئے۔
دوسری طرف، ممبئی کے باندرہ-کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں واقع ایپل کے آفیشل اسٹور پر بھی کچھ ایسا ہی جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ رپورٹوں کے مطابق متعدد صارفین سات سے آٹھ گھنٹے سے قطار میں کھڑے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ ایسے خریدار بھی تھے جنہوں نے فون کی بُکنگ نہیں کرائی تھی، لیکن پھر بھی اس امید میں موجود تھے کہ شاید انہیں بھی آئی فون 17 کا کوئی ماڈل مل جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں ایپل کی مصنوعات کے لیے بڑھتا ہوا یہ جنون ایک عالمی رجحان کا حصہ ہے۔ نوجوان طبقہ اور بزنس کلاس خریدار خاص طور پر فون کے اعلیٰ معیار کے کیمرے، طاقتور بیٹری بیک اپ، جدید ٹیکنالوجی اور منفرد رنگوں کے ویرینٹس کی وجہ سے سب سے زیادہ متوجہ ہیں۔
ٹیکنالوجی مبصرین کے مطابق آئی فون 17 کی لانچنگ ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ ہندوستان ایپل کے لیے ایک تیزی سے ابھرتا ہوا اور منافع بخش مارکیٹ ہے، جہاں صارفین مہنگے ہونے کے باوجود ہر نئے ماڈل کو بے حد ترجیح دیتے ہیں۔
read more….qaumiawaz.com







