جموں: سابق وزیر اور بی جے پی کے سرنکوٹ اسمبلی حلقے کے امیدوار مشتاق احمد بخاری بدھ کی صبح پونچھ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ وہ 75 برس کے تھے اور ان کے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مشتاق بخاری کی طبیعت کچھ وقت سے ٹھیک نہیں تھی اور بدھ کی صبح وہ اپنی رہائش گاہ پر بے ہوش ہو گئے اور غالباً حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔
مشتاق بخاری جموں خطہ کے درج فہرست قبائل کے ایک مخصوص حلقہ سرنکوٹ سے بی جے پی کے امید وار تھے۔ اس نشست کی پولنگ 25 ستمبر کو ہوئی۔ دوبار وزیر رہنے والے مشتاق بخاری نے نے چار دہائیوں کی رفاقت کے بعد نیشنل کانفرنس سے ناطہ توڑ کر سال رواں کے ماہ فروری میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
دریں اثنا جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے مشتاق بخاری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا:’سینئر بی جے پی لیڈر مشتاق بخاری کے آج صبح انتقال کرنے کی خبر سن کر صدمہ ہوا‘۔
انہوں نے کہا: ’مشتاق بخاری کی موت ان کی پارٹی اور پہاڑی لوگوں جن کے کاز کے لئے وہ لڑتے تھے، کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے‘۔ عمر عبداللہ نے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ’ایکس‘ پر اپنے پوسٹ میں کہا: ’سید مشتاق بخاری صاحب کے موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا‘۔
انہوں نے دعا کی:’خدا مرحوم کو جنت نصیب فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے‘۔ بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا: ’سیاسی لیڈر اور بی جے پی کے سرنکوٹ اسمبلی حلقے کے امید وار جناب سید مشتاق بخاری صاحب کے انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ ہوا‘۔
انہوں نے کہا: ’یہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں سماج کا ایک نا قابل تلافی نقصان ہے، میں پسماندگان کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں‘۔