پوری دنیا میں نئےسال کا جشن جاری ہے ۔ جیسے ہی گھڑی کی تینوں سوئیاں 12 پر گئیں، نئے سال کا جشن بھی شروع ہو گیا۔ یہ الگ بات ہے کہ الگ الگ ممالک میں یہ جشن الگ الگ وقت پر شروع ہوا۔ ایسا اس لیے کیونکہ سبھی ممالک کے ٹائم زون الگ الگ ہوتے ہیں اور نئے سال کی آمد بھی الگ الگ اوقات پر ہوتی ہے۔ سب سے پہلے نیوزی لینڈ، پھر آسٹریلیا ہوتے ہوئے ہندوستان کو نئے سال کا استقبال کرنے کا موقع میسر ہوتا ہے، اور پھر پاکستان و افغانستان ہوتے ہوئے ہاؤلینڈ جزیرہ پر سب سے آخر میں نئے سال کی دستک ہوتی ہے۔بہرحال، دنیا میں موجود انسانی آبادی نئے سال کو لے کر بہت پُرامید ہے۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ یکم جنوری 2025 کو دنیا کی آبادی کتنی ہوگی؟ نئے سال کے پہلے دن دنیا کی آبادی 8.09 ارب تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔ 2024 میں ہندوستان سب سے زیادہ آبادی والا ملک رہا، جس کی آبادی اندازاً 141 کروڑ تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی مردم شماری بیورو کا کہنا ہے کہ 2024 میں دنیا کی آبادی میں 7.1 کروڑ سے زیادہ لوگوں کا اضافہ ہوا ہے۔
امریکی مردم شماری بیورو کے مطابق یکم جنوری 2025 کو عالمی آبادی اندازاً 8092034511 ہوگی، جو نئے سال 2024 سے 71178087 0.89 فیصد) زیادہ ہے۔ ماہ جنوری 2025 میں دنیا بھر میں ہر سیکنڈ تقریباً 4.2 پیدائش اور 2 اموات ہونے کی بھی امید ظاہر کی گئی ہے۔ اس سال 0.9 فیصد کا اضافہ 2023 کے مقابلے میں تھوڑا کم تھا، جب دنیا بھر میں مجموعی انسانی آبادی 7.5 کروڑ بڑھ گئی تھی۔