نئی دہلی: دہلی کے شہریوں کے لیے اب پراپرٹی رجسٹریشن کا عمل مزید آسان ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ آتشی نے ’اینی ویئر رجسٹریشن‘ پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت لوگ اپنی سہولت کے مطابق دہلی کے کسی بھی سب رجسٹرار آفس میں پراپرٹی کا رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ اس نئی پالیسی سے شہریوں کو مخصوص سب رجسٹرار آفس میں جانے کی پابندی سے آزادی مل جائے گی۔ اب دہلی کے 22 سب رجسٹرار آفسز میں سے کسی بھی آفس میں آن لائن اپوائنٹمنٹ لی جا سکتی ہے۔
دہلی میں پراپرٹی کی خرید و فروخت اور اس کے دیگر قانونی امور کے لیے لوگوں کو سب رجسٹرار آفس جانا پڑتا تھا۔ تاہم، اس حوالے سے کئی شکایات بھی سامنے آتی تھیں کہ مخصوص سب رجسٹرار آفسز میں زیادہ رش ہوتا ہے جس کے باعث اپوائنٹمنٹ لینے اور پراپرٹی کے رجسٹریشن میں کافی وقت لگ جاتا تھا۔ دوسری طرف کچھ سب رجسٹرار آفسز ایسے بھی ہیں جہاں اتنی بھیڑ نہیں ہوتی۔
وزیر اعلیٰ آتشی نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ’اینی ویئر رجسٹریشن‘ پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت اگر کسی شہری کو پراپرٹی کا رجسٹریشن کرانا ہے تو وہ دہلی کے کسی بھی سب رجسٹرار آفس میں جا سکتا ہے۔ اس سے شہریوں کو مختلف آفسز میں قطاروں اور طویل انتظار سے نجات ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ دہلی کے تمام سب رجسٹرارز کو اب مشترکہ سب رجسٹرار کے طور پر مقرر کیا گیا ہے اور ان کا دائرہ کار پوری دہلی میں ہوگا۔ اگر دہلی کا کوئی شہری اپنی پراپرٹی کا رجسٹریشن کروانا چاہتا ہے تو وہ دہلی کے 22 سب رجسٹرار آفسز میں سے کسی میں بھی آن لائن اپوائنٹمنٹ لے سکتا ہے، جس سے ان کی سہولت میں اضافہ ہوگا۔