نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدارتی انتخابات میں جیت پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ لکھ کر ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ وہ ہندوستان-امریکہ جامع عالمی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تعاون کی تجدید کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا: “میرے دوست @رئیل ڈونالڈ ٹرمپ کو ان کی تاریخی انتخابی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ جیسا کہ آپ نے اپنی پچھلی میعاد کی کامیابیوں کو آگے بڑھایا ہے، میں ہندوستان-امریکہ جامع عالمی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آپ کے تعاون کی تجدید کا منتظر ہوں۔ اپنے لوگوں کی بہتری اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے ہم مل کر کام کریں گے۔
بتادیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کے درمیان مضبوط سفارتی تعلقات، اسٹریٹجک تعاون اور ذاتی خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ 2019 میں ہیوسٹن میں “ہاؤڈی مودی!” اور 2020 میں احمد آباد میں “نمستے ٹرمپ” جیسے بڑے پروگراموں میں ان کی دوستی واضح طور پر نظر آئی تھی، جہاں انہوں نے بڑے ہجوم سے خطاب کیا اور ایک دوسرے کی جم کر تعریف کی تھی ۔
اسٹریٹجک کے لحاظ سے ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی دفاع اور سلامتی پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ، جس سے تعلقات خاص طور پر پاکستان کی جانب سے لاحق خطرات کے پیش نظر مضبوط ہوئے۔ انہوں نے خطے میں چین کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون کرتے ہوئے “آزاد اور کھلے ہند-بحرالکاہل” کے وژن کا بھی اشتراک کیا۔