ہندوستان میں ہر سال 11 نومبر کو قومی یوم تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن ملک کے پہلے وزیر تعلیم اور ’بھارت رتن‘ سے سرفراز مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ مجاہد آزادی، عظیم عالم اور ماہر تعلیم مولانا آزاد نے ملک میں تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس موقع پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے سمیت پارٹی کے کئی سرکردہ رہنماؤں نے مولانا ابو الکلام آزاد کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا اور قومی یوم تعلیم کی مبارکباد دی۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر ہم ’بھارت رتن‘ سے سرفراز، عظیم مجاہد آزادی، دور اندیش سیاست داں، ممتاز عالم، کانگریس کے سابق صدر اور آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’سیکولرازم، قومی اتحاد اور جامع تعلیم کے پرجوش حامی مولانا آزاد نے ایسے ہندوستان کی بنیاد رکھی جہاں علم ہر شہری کو بااختیار بناتا ہے اور تنوع ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ ان کے نظریات آج بھی کانگریس پارٹی کے لیے مشعل راہ ہیں اور ایک ترقی پسند، جامع ہندوستان کے ہمارے تصور کی رہنمائی کرتے ہیں۔
ملکارجن کھڑگے نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’ قومی یوم تعلیم کے موقع پر طلبہ، اساتذہ، ماہرین تعلیم اور ان تمام لوگوں کو میری جانب سے دلی مبارکباد، جو نوجوان ذہنوں کی آبیاری اور ایک باشعور قوم کی تعمیر کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔‘‘ کانگریس کے راجیہ سبھا رکن عمران پرتاپ گڑھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’عظیم مجاہد آزادی، آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم اور بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد صاحب کے یوم پیدائش کے موقع پر آج اقلیتی شعبہ جامع مسجد کے قریب واقع ان کی قبر پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کرے گا۔
