پیگاسس اسکینڈل ایک بار پھر خبروں میں ہے، جس پر ہندوستان میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ امریکی عدالت نے اسرائیلی کمپنی این ایس او کو پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعے 1400 واٹس ایپ صارفین کی جاسوسی کا ذمہ دار ٹھہرایا، جن میں 300 ہندوستانی شامل ہیں، جن میں صحافی، سیاستدان، سرکاری افسران اور انسانی حقوق کے کارکن شامل ہیں۔ واٹس ایپ نے این ایس او گروپ کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، اور جج فلِس ہیملٹن نے اسے امریکی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ 2021 میں انکشاف ہوا کہ پیگاسس کا استعمال ہندوستان میں کئی اہم شخصیات کے خلاف کیا گیا تھا، جن میں اپوزیشن کے رہنما، وزراء اور سماجی کارکن شامل تھے۔ این ایس او گروپ نے کہا کہ وہ صرف حکومتوں اور سرکاری ایجنسیوں سے ڈیل کرتا ہے، جبکہ ہندوستان نے ان الزامات کی تردید کی۔ 2021 میں امریکہ نے این ایس او کو بلیک لسٹ کر دیا تھا۔