شناختی کارڈ بنانے والی سرکاری ایجنسی یو آئی ڈی اے آئی نے ایک اہم اعلان کیا ہے جس کے بعد اگر آپ اپنے موبائل میں پرانی آدھار ایپ استعمال کرتے ہیں، تو اب اسے تبدیل کرنا ہوگا۔ اگلے مہینے سے پرانی ایپ مکمل طور پر بند ہوجائے گی اور تمام کام نئی ایپ سے ہی ہوں گے۔ یو آئی ڈی اے آئی نے اطلاع دی ہے کہ لوگوں کو اب نئی آدھار ایپ پر منتقل ہونا چاہیے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ نئی ایپ پرانی کے مقابلے زیادہ اسمارٹ، بہت تیز اور مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اب تک لوگ اپنی سہولت کے لیے نئی اور پرانی دونوں ایپس کا استعمال کرتے رہے ہیں لیکن اگلے ماہ سے پرانی ایپ مستقل طور پر کام کرنا بند کر دے گی۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ سبھی لوگ وقت رہتے نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کرلیں تاکہ ان کے کام میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
نئی آدھار ایپ میں سیکورٹی اور پرائیویسی پر بہت خاص دھیان رکھا گیا ہے۔ اس میں کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنی معلومات محفوظ طریقے سے شیئر کرنے کی سہولت ہے۔ اس کے علاوہ آپ کی ذاتی معلومات پر آپ کا مکمل کنٹرول رہے گا۔ آپ چاہیں تو اپنا بایومیٹرک لاک کر سکتے ہیں اور چہرے کی تصدیق کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر کسی کو اپنی بہت محدود معلومات ہی شیئر کرنے کا متبادل بھی اس میں دیا گیا ہے۔
یو آئی ڈی اے آئی نے اس نئی اور شاندار ایپ کو تقریباً 4 ماہ قبل ہی لانچ کیا تھا۔ اتنے کم وقت میں اسے 2.1 کروڑ سے زیادہ لوگ ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ اس ایپ کی مدد سے 28 لاکھ سے زیادہ لوگ بغیر کسی دفتر کے چکر لگائے، گھر بیٹھے ہی اپنا موبائل نمبر اپ ڈیٹ کر چکے ہیں۔ کوئی بھی اسمارٹ فون صارف اس نئی ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے مفت میں ڈاؤن لوڈ کرسکتا ہے۔
نئی آدھار ایپ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اب آپ کو ہر جگہ اپنا کاغذ یا پلاسٹک والا آدھار کارڈ ساتھ لے کر گھومنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اپنے موبائل میں نئی آدھار ایپ کو ہی آئی ڈی پروف (شناختی ثبوت) کے طور پر دکھا سکتے ہیں۔ چاہے ہوٹل کے کمرے کی بکنگ ہو یا کسی تعلیمی ادارے میں کوئی تصدیق کرانا ہو، اس ایپ کو تصدیق کے لیے آسانی سے پیش کیا جا سکتا ہے۔







