مصر کی راجدھانی قاہرہ کے قریب بدھ (25 نومبر) کی رات ایک ایندھن ٹینکر پلٹ گیا، جس کے باعث شدید آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں 30 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 25 دیگر جھلس کر زخمی ہو گئے۔ آگ کی زد میں آنے سے 2 درجن سے زیادہ کاریں اور موٹر سائیکلیں جل کر خاک ہو گئیں۔ خبر رساں ایجنسی ’سنہوا‘ کی رپورٹ کے مطابق حادثہ قاہرہ کی اہم رنگ روڈ پر پیش آیا۔ جیزہ صوبہ کے الوراق علاقے میں پٹرولیم مصنوعات سے بھرا ایک ٹینکر بے قابو ہو کر پلٹ گیا۔ اس کے بعد اس میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس سے گزرنے والی گاڑیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔
مصر کے پبلک پراسیکیوشن آفس کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ کا آپریشن چلایا گیا۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جبکہ امدادی کارکنوں نے جلتی ہوئی گاڑیوں سے لوگوں کو باہر نکالا۔ جائے وقوعہ پر سینکڑوں افراد جمع ہو گئے تھے۔ مصر کی وزارت صحت کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ راحتی کارروائی میں 39 ایمبولنس لگائی گئیں۔ حکام نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے جانچ شروع کرائی ہے، کیونکہ آگ میں کئی لاشیں بری طرح جھلس گئی ہیں۔
وزیر صحت خالد عبدالغفار نے کہا کہ ’’مرنے والوں کی کی تعداد ابتدائی اندازے پر مبنی ہے اور اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے اور زخمیوں کے علاج کے انتظامات کی نگرانی کرنے کی بات بھی کہی۔‘‘ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے میں جان گنوانے والوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کی ہدایت دی۔





