شمال مغربی ہندوستان میں فعال مغربی اضطراب کے اثر کی وجہ سے موسم پھر سے تبدیل ہو رہا ہے۔ اگلے 5 دنوں میں جموں و کشمیر سے ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور راجستھان تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے اور 40 سے60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔اس دوران وسطی، شمال مشرقی اور جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں مانسون کی وجہ سے بھاری سے بہت زیادہ بارش ہونے اور آندھی آنے کا بھی امکان ہے۔ کچھ ریاستوں میں کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق فضا کے نچلے حصے میں پنجاب سے بہار تک ایک کم دباؤ والا علاقہ برقرار ہے۔ ان موسمی نظاموں کی وجہ سے آنے والے ہفتے کے دوران جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان، مظفرآباد، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں مختلف مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی صبح 8:30 بجے تک آسام اور میگھالیہ، مغربی بنگال کے گنگا کے میدانی علاقے اور سکم کے ساتھ ہی اڈیشہ اور جھارکھنڈ میں زیادہ تر مقامات پر تیز بارش ہوئی۔ مشرقی اتر پردیش، بہار اور ودربھ میں گرم لہر جیسی صورتحال برقرار ہے۔ مغربی بنگال، مشرقی اتر پردیش، چھتیس گڑھ، سوراشٹرا اور کچھ میں 50 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ دریں اثنا شمال مشرقی ریاستوں کے ساتھ ہی اوڈیشہ، بہار، اتراکھنڈ، مغربی اتر پردیش سمیت کچھ مقامات پر آندھی چلی۔
اس دوران ہریانہ، چنڈی گڑھ، پنجاب، دہلی، مغربی اور مشرقی اتر پردیش میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ان ریاستوں میں کچھ مقامات پر آندھی-طوفان، بجلی کڑکنے کے ساتھ 40-50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں،جس کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی ہوسکتی ہے۔ مغربی راجستھان میں 24 جون کو اور مشرقی راجستھان میں 24 سے 26 جون کے دوران تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ مشرقی ہندوستان کے انڈمان اور نکوبار جزائر، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم، اڈیشہ، بہار اور جھارکھنڈ میں بارش ہونے کا امکان ہے۔







