مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ میں بیگا قبائلی طبقہ ان دنوں خوف کے سایہ میں زندگی گزار رہا ہے۔ اس کی وجہ ہے ان کے بچوں کی لگاتار ہو رہیں اموات۔ اب تک تقریباً 30 بیگا قبائلی بچوں کی موت مختلف بیماریوں کے سبب ہو چکی ہیں، جس پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے شدید فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بالاگھاٹ، مدھیہ پردیش میں 30 قبائلی بچوں کی موت کی خبر بے حد فکر انگیز اور تکلیف دہ ہے۔
یہ تبصرہ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ انھوں نے ملیریا جیسی بیماریوں سے بیگا قبائلی بچوں کی موت پر فکر ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس خطرناک بیماری کے ساتھ پینے کے پانی، تغذیہ اور وقت پر علاج جیسی بنیادی سہولیات کی کمی بچوں کی جان لے رہی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔ وزیر اعلیٰ خود اس کا حل نکالیں اور علاقہ میں فوری جانچ، علاج و راحتی سامان دستیاب کرائیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’بچوں کی زندگی سے سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
اس سوشل میڈیا پوسٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ کی ایک رپورٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے، جس پر عنوان ہے ’بالاگھاٹ: بیگا بچوں کی موت کا سلسلہ جاری، 10 سال کے گجیندر کی موت؛ مہلوکین کی تعداد 30 ہوئی‘۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قبائل اکثریتی علاقہ کے بیگا قبائلی بچوں کی ہو رہیں اموات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور کئی وزراء بھی بالاگھاٹ کا دورہ کر چکے ہیں، لیکن محکمہ صحت حالات پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہا ہے۔
