نئی دہلی: سعودی عرب کے مختلف ہوائی اڈوں اور توانائی کے مراکز پر مسلسل ہو رہے حملوں کے درمیان وہاں پھنسے ہندوستانی عمرہ زائرین کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سعودی عرب میں پھنسے تقریباً 3 ہزار عمرہ زائرین دستیاب پروازوں کے ذریعے ہندوستان واپس پہنچ چکے ہیں، جبکہ 10 ہزار سے زائد دیگر زائرین بھی اپنی پہلے سے طے شدہ معمول کی پروازوں سے وطن لوٹے ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق، باقی پھنسے ہوئے زائرین کی جلد واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے اور جدہ میں واقع ہندوستانی قونصل خانے کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تفصیلات شیئر کیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں پھنسے ہندوستانی عمرہ زائرین کی مدد کے لیے ہندوستانی سفارت خانہ مسلسل سرگرم ہے۔ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے اور جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے نے متاثرہ ایئرلائنز اور ٹور آپریٹروں کے ساتھ تال میل قائم کیا ہے، تاکہ پھنسے ہوئے زائرین کی جلد از جلد وطن واپسی کے انتظامات کیے جا سکیں۔







