18ویں برکس سربراہی اجلاس کے لیے ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ غیر ملکی مہمانوں کی آمد بھی شروع ہو چکی ہے۔ یہ اجلاس دہلی میں 11 ستمبر سے 13 ستمبر تک منعقد ہونے والا ہے، جس میں سرکردہ لیڈرشپ کی میٹنگیں 12 اور 13 ستمبر کو ہوں گی۔ اس اجلاس کو پیش نظر رکھتے ہوئے دہلی کی عام عوام کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، تاکہ وی آئی پی سڑکوں پر سیکورٹی بھی یقینی بنائی جا سکے اور لوگوں کو پریشانی بھی نہ ہو۔
دہلی پولیس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر تفصیلی معلومات شیئر کی ہیں، جنہیں پڑھنا ان لوگوں کے لیے ضروری ہے، جو دہلی کی سڑکوں پر سفر کرتے ہیں۔ برکس اجلاس کے پیش نظر لوگوں کو اپنے سفر کی پہلے سے منصوبہ بندی کرنی ہوگی اور متاثرہ علاقوں سے گزرنا ہے تو ہاتھ میں اضافی وقت لے کر نکلنا ہوگا۔ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق دہلی کی 35 سے زیادہ سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول کیا جائے گا اور تقریباً 22 مقامات پر ڈائیورژن ہوگا۔ ایسے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ متاثرہ سڑکوں سے بچیں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
دہلی کے لوگوں سے یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ ذاتی گاڑیوں کے بجائے میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔ بسوں کے بھی کچھ روٹس بدلے جا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں گاڑیوں کو کچھ ممنوعہ علاقوں میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔ دہلی ایئرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن یا آئی ایس بی ٹی بس اڈے جانے والوں کے لیے مشورہ ہے کہ وہ گھروں سے جلدی نکلیں اور اپنے پاس اضافی وقت رکھیں۔ خاص طور سے دفتر جانے والوں کو مصروف راستوں اور وقت کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ ایسا نہیں کرنے سے اپنی منزل پر پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔







