برطانوی حکومت نے شہریوں کے لیے ایک انتہائی چونکا دینے والی وارننگ جاری کی ہے۔ حکومت نے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ بڑی آفت سے نمٹنے کے لیے اپنے گھروں میں کم از کم 3 دنوں کا خشک راشن اور فی کس 9 لیٹر بوتل بند پانی کا ذخیرہ فوراً جمع کر لیں۔ یہ مشورہ برطانوی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی ایک نئی قومی مہم ’پریپئر‘ کے تحت دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد کسی بھی قومی بحران کے ابتدائی 72 گھنٹوں کے دوران شہریوں کو خود کفیل بنانا ہے۔برطانوی وزراء اور سیکورٹی ماہرین کے مطابق ملک کو سہ جہتی بحران کا سامنا ہے۔ جس کی وجہ سے کبھی بھی سپلائی نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
اس ایڈوائزری کے بعد عوام میں پیدا ہونے والے خوف کے پیش نظر برطانوی حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ کسی فوری طور پر آنے والی تباہی کی وارننگ نہیں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ’الرٹ رہنا ہے، گھبرانا نہیں ہے‘۔ یہ قدم صرف اس لیے اٹھایا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں لوگ سرکاری امداد پہنچنے تک محفوظ رہ سکیں۔







