نیپال کے مشکل وقت میں ہندوستان اپنی جانب سے مدد کا ہاتھ مسلسل بڑھا رہا ہے۔ نیپال کے لیے 11 ٹن راحت کا سامان لے کر چوتھا ہندوستانی طیارہ کاٹھمنڈو پہنچ گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان اس مشکل وقت میں نیپال کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہم نیپال کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ نیپال کے لیے راحت کا سامان لے کر جانے والا چوتھا طیارہ 11 ٹن امداد کے ساتھ نیپال پہنچ گیا ہے اور راحت کا سامان متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رندھیر جیسوال کے مطابق اس امداد میں تلاش اور بچاؤ آپریشن کے لیے ضروری آلات کے ساتھ سرنگ تکنیک کے ماہرین کی ایک ٹیم شامل ہے۔ اس کے علاوہ ڈی این اے جانچ کے لیے فرانزک ماہرین کی ایک ٹیم بھی بھیجی گئی ہے۔ راحت کے سامان میں کمبل، سلیپنگ بیگ، ترپال، پلاسٹک شیٹ اور حفظان صحت (ہائی جین) کٹس جیسی ضروری اشیاء شامل ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس مشکل وقت میں نیپال کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ اب تک ہندوستان کی جانب سے 68.5 ٹن راحت کا سامان فضائی راستے سے کاٹھمنڈو پہنچایا جا چکا ہے۔ جس دن (26 اگست 2026) اچانک سیلاب آیا، اسی دن آئی اے ایف کے سی-130 جے ہرکیولس طیارے نے 10 ٹن ہنگامی راحت کا سامان پہنچایا، جس میں عارضی پناہ گاہیں، کمبل، حفظان صحت کٹس، سولر لیمپ اور ادویات شامل تھیں۔ اگلی صبح، 27 اگست 2026 کو، آئی اے ایف کے سی-17 گلوب ماسٹر طیارے نے 37.5 ٹن راحت کا سامان پہنچایا، جس میں 28.5 ٹن خیمے، کمبل، حفظان صحت کٹس، سولر لیمپ، پانی نکالنے والے پمپ، کچن سیٹ اور جنریٹر شامل تھے۔ اس کے علاوہ 8 ٹن ادویات اور ایک ٹن غذائی اشیاء بھی بھیجی گئیں۔







