ایئر انڈیا کی پرواز AI-171، جو 242 مسافروں کو لے کر احمد آباد سے لندن جا رہی تھی، آج دوپہر 12 جون کو حادثہ کا شکار ہو گئی۔ حادثہ احمد آباد کے میگھانی علاقہ میں سول اسپتال کے قریب ہارس کیمپ کے پاس پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق طیارہ نے جیسے ہی اڑان بھری، اس کا پچھلا حصہ ممکنہ طور پر ایک درخت سے ٹکرا گیا، جس کے بعد طیارہ زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق طیارہ میں عملے کے افراد سمیت 242 افراد سوار تھے۔ متعدد مسافروں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ کئی زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریاستی پولیس کنٹرول روم نے حادثہ کی تصدیق کر دی ہے، اور جائے وقوع پر فائر بریگیڈ، این ایس جی اور دیگر امدادی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور دیگر اعلیٰ حکام سے بات کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایئر انڈیا نے بیان میں کہا ہے کہ واقعہ کی تفصیلات جلد ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر جاری کی جائیں گی۔
Read more on qaumiawaz.com







