اتر پردیش کے سلطان پور میں پوروانچل ایکسپریس وے پر اتوار کی صبح بڑا حادثہ پیش آیا۔ پنچکولا سے فوج کے ایک جوان کی لاش لے کر دیوریا جا رہی ایمبولینس اچانک بے قابو ہوگئی، اور سڑک کے کنارے کھڑے ایک ٹرک میں گھس گئی۔ اس حادثے میں ایمبولینس میں سوار 4 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے راحت رسانی کا کام شروع کیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ہلیا پور تھانہ علاقے میں مائل اسٹون 79.6 کے قریب صبح تقریباً 8 بجے پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق چنڈی گڑھ/پنچکولا میں شہید صوبیدار میجر ستیہ وان سنگھ کی لاش لے کر ایمبولینس دیوریا جا رہی تھی۔ ایمبولینس میں شہید کے خاندان کے 2 افراد کے علاوہ فوج کا ایک جوان اور ایمبولینس ڈرائیور بھی سوار تھا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ایمبولینس میں سوار ان چاروں افراد کی موت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے ایمبولینس ڈرائیور کی شناخت جسپال (30) کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں دو متوفیوں ساجن سنگھ (35) اور گورو سنگھ (28) کا تعلق شہید کے خاندان سے ہے۔ ان کے علاوہ چوتھے متوفی کی شناخت فوج کے جوان رام سمجھ سنگھ (40) کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ اندر جیت سنگھ سمیت ہلیاپور تھانے کی پولیس اور راحت ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔







