بھارتی ریلوے نے یکم جولائی 2025 سے تتکال ٹکٹ بکنگ کے نئے ضابطوں کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد مسافروں کو بہتر سہولت فراہم کرنا اور ایجنٹس کی ناجائز سرگرمیوں پر قابو پانا ہے۔
نئے ضابطوں کے مطابق، اب صرف وہی مسافر تتکال ٹکٹ بُک کر سکیں گے جن کا آدھار آئی ڈی آئی آر سی ٹی سی اکاؤنٹ سے منسلک ہے۔ 15 جولائی سے، او ٹی پی پر مبنی آدھار ویریفکیشن لازمی ہو جائے گا۔ اس کا مقصد فرضی آئی ڈی والے یوزرز کی روک تھام اور سسٹم کی شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
مزید برآں، تتکال ونڈو کھلنے کے پہلے 30 منٹ تک مجاز ایجنٹس ٹکٹ بُک نہیں کر پائیں گے۔ یہ اقدام ایجنٹس کی جانب سے بلیک مارکیٹنگ اور بوٹس کے ذریعے ٹکٹوں کی غیر قانونی بکنگ کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ وزیر ریل اشونی ویشنو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یکم جولائی سے آئی آر سی ٹی سی ویب سائٹ اور ایپ کے ذریعے تتکال ٹکٹ صرف آدھار سے تصدیق شدہ صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔;
یہ اقدامات مسافروں کو فوری ٹکٹوں کی فراہمی میں آسانی پیدا کریں گے اور ایجنٹس کی ناجائز سرگرمیوں کو محدود کریں گے۔







